چیف منسٹرس کیمپ آفس میں آندھراپردیش ہائی کورٹ کا قیام

   

حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹرس کیمپ آفس میں آج نئی آندھراپردیش ریاست کے نئے آندھراپردیش ہائی کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ عارضی آندھراپردیش ہائی کورٹ کا سپریم کورٹ جج جسٹس این وی رمنا نے افتتاح کیا ۔ اس افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ جسٹس پروین کمار ، چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو ریاستی وزراء کے رویندرا ، ڈی اوما مہیشور راؤ و دیگر نے شرکت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹرس کیمپ آفس میں قائم کردہ عارضی اے پی ہائی کورٹ کیلئے کیمپ آفس میں جملہ 9 کورٹ ہالس تیار کئے گئے ۔ مزید کورٹ ہالس مہاتما گاندھی روڈ پر واقع آر اینڈ بی آفس میں تیار کئے جارہے ہیں۔ چیف جسٹس آندھراپردیش ہائی کورٹ کے علاوہ تمام ہائی کورٹ اے پی کے ججس اپنے عہدے کا حلف لینے کے فوری بعد عارضی ہائی کورٹ پہونچ گئے ۔ اور انہیں الاٹ کردہ چیمبرس کا جائزہ لیا اور کل یعنی 2 جنوری تا 4 جنوری تک تمام ججس ان نئے چیمبرس میں خدمات انجام دیں گے ۔ جبکہ 5 جنوری سے اے پی ہائی کورٹ کو سنکرانتی کے تعطیلات رہیں گے ۔ اس طرح 5 جنوری تا 21 جنوری تک ویکیشن کورٹ کارکرد رہے گا اور جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل ہی ہائی کورٹ آندھراپردیش کو امراوتی میں واقع جوڈیشیل کامپلکس کے کام مکمل ہوتے ہی اس جوڈیشیل کامپلکس میں منتقل ہوجائے گا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ہائی کورٹ قائم ہوجانے سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ریاست کے تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فنڈز اور املاک کی تقسیم کے سواء دیگر تمام منتقلی مکمل ہوچکی ہے ۔ امراوتی کو ہائی کورٹ اور جوڈیشیل عہدیداروں کی منتقلی کیلئے بہت ہی کم وقت دیا گیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ زیں کہا کہ ملک بھر میں آندھراپردیش ہائی کورٹ کو انتہائی مثالی ہائی کورٹ بنایا جائے گا ۔