آنگن واڑی مراکز کیلئے حکومت کے ٹھوس اقدامات

   

چنڈی گڑھ: پنجاب کی سماجی تحفظ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر ڈاکٹر بلجیت کور نے منگل کو کہا کہ ریاستی حکومت آنگن واڑی مراکز کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ ڈاکٹر کور نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز چھ سال تک کی عمر کے بچوں، حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو غذائیت سے پر خوراک، امیونائزیشن، صحت کی تعلیم، صحت اور غذائیت کی تعلیم اور ریفرن خدمات مہیا کرائی جاتی ہیں اور تین سے چھ سال کی عمر کے بچوں کو پری اسکول تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے آنگن واڑی مراکز کی ایک ہزار عمارتوں کی شکل و صورت تبدیل کرنے کے لئے محکمہ دیہی ترقیات اور آنگن واڑی سنٹروں میں بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے ساتھ مل کر کارروائی کی جارہی ہے ۔محکمہ سماجی تحفظ ، خواتین و اطفال کی ترقی کے ڈائرکٹر مادھوی کٹاریہ نے کہا کہ 7 اگست 2023 تک محکمہ ضلع سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے آنگن واڑی مراکز کا انتخاب کرے گا، اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ضلع کے تینوں آنگن واڑی مراکز کے ورکر، ہیلپر، سپروائزر اور سی ڈی پی او کو 15 اگست کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے تمام ضلعی پروگرام افسران کو 10 اگست تک رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی۔
ان میں سے ریاستی سطح پر 10 آنگن واڑی مراکز کے پورے عملے کو 15 اگست کو فیس بک لائیو کے ذریعے اعزاز سے نوازا جائے گا۔