ایک کروڑ 15 لاکھ رقم اور دیگر اشیاء ضبط، ڈی سی پی جوئل ڈیوس
حیدرآباد ۔ 4 جون (سیاست نیوز) آن لائن سٹہ چلانے والی ایک گجراتی ٹولی کو ایس آر نگر پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک کروڑ 15 لاکھ روپئے نقد رقم، 4 سیل فون اور کاونٹنگ مشین کو ضبط کرلیا جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ دھرمیشی بھائی مفرور بتایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون حیدرآباد مسٹر جوئل ڈیوس کے مطابق 26 سالہ ویشال پٹیل ساکن گولی گوڑہ کے متوطن گجرات 42 سالہ کملیش راوت ساکن گوڑلی گوڑہ متوطن گجرات اور پٹیل ہتیش امبالہ ساکن گولی گوڑہ متوطن گجرات کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ویشال اور کملیش راوت آن لائن سٹہ بٹ بھائی 9 ڈاٹ کام کے ذریعہ سٹہ چلایا کرتے ہیں۔ اصل آرگنائزر دھرمیش بھائی کے اشارے پر انہوں نے ویب سائیٹ ڈاؤن لوڈ کیا اور 50 ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے آئی ڈی حاصل کیا اور اس کے بعد آئی ڈی کو ایک دوسرے سے شیئر کرنے لگے۔ ویشال اور راوت رقم کو حاصل کرنے کے بعد پٹیل ہتیش کے حوالے کرتا اور ہتیش اس رقم کو دھرمیش کے حوالے کردیا کرتا تھا۔ میاچ کے نتیجہ کے بعد فیصلہ کیا جاتا تھا۔ میاچ کی شکست پر رقم کو سٹہ کھیلنے والوں کو واپس دی جاتی تھی اور اس رقم کی منتقلی کیلئے ڈیجیٹل پے منٹ کیا جاتا تھا۔ اس ٹولی کا تعلق گجرات سے ہے جو گولی گوڑہ میں ایک کمرہ حاصل کرتے ہوئے سازش پر عمل کررہے تھے۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آر نگر پولیس نے بہلول خاں گوڑہ میں واقع پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور مفرور کی تلاش جاری ہے۔ع