ممبئی : دنیا بھر میں آن لائن گیمنگ کے ہاتھوں نوجوانوں کی ہلاکت کا معاملہ خطرناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ بہت سے آن لائن گیمز اپنے یوزرز کے ذہن کو جکڑ لیتے ہیں اور پھر وہ انتہائی جذباتی ہوکر کوئی غلط قدم اٹھا بیٹھتے ہیں۔ ریاست مہاراشٹر میں بھی ایسا ہی ہوا۔ آن لائن گیم کے شوقین ایک 16 سالہ لڑکے نے کسی آن لائن گیم کے دوران انتہائی جذباتی ہوکر 14 ویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے چھلانگ لگادی اور ہلاک ہوگیا۔ والدین کو اندازہ نہیں کہ لڑکا کون سا کھیل کھیلا کرتا تھا اور اْس کی دوستی کن لوگوں سے تھی۔ اْس کے لیپ ٹاپ کمپیوٹر کو آن کرنا بھی اْن کے لیے ممکن نہیں ہوسکا کیونکہ اْس میں لاک لگا ہوا تھا اور پاس ورڈ وہ جانتے نہیں۔ لیپ ٹاپ کمپیوٹر کو کھولنے یعنی آپریٹ کرنے کے لیے سائبر ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کی گئیں۔ پمپری چھنچھواڑ نامی علاقہ سے تعلق رکھنے والے لڑکے کے والد نے بتایا کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں کسی کو نہیں بتاتا تھا۔