آوٹر رنگ روڈ سے قریب ایک نیا شہر بسانے کا منصوبہ : چیف منسٹر

   

٭ 25 ہزار ایکڑ پر عصری سہولتوں سے لیس آلودگی سے پاک شہر ہوگا
٭ میٹرو ریل کا منصوبہ ترک نہیں ہوا ‘ ضروریات کے مطابق وسعت
٭ شہر کو عالمی معیار کا بنانے 2050 تک کی منصوبہ بندی
٭ فائر سروس ہیڈ کوارٹرس کا افتتاح ۔ ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 18 فروری(سیاست نیوز) 30برسوں میں شہر حیدرآباد کی ترقی کا سلسلہ کسی حکومت میں رکا نہیں اور آئندہ بھی حکومت شہر کی ترقی کو جاری رکھتے ہوئے شہر کو عالمی معیار کا بنانے کی کوشش جاری رکھے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نانک رام گوڑہ میں تلنگانہ فائر سروس ہیڈ کوارٹرس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں متحدہ آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹرس اور علحدہ تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کا تذکرہ کیا اور کہا کہ چندرابابو نائیڈو ‘ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی اور چندر شیکھر راؤ کے دور میں شہر کی ترقی کا سلسلہ جاری رہا اور نواحی علاقوں کی ترقی کے اقدامات بھی کئے گئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ سابق چیف منسٹران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہر حیدرآباد کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ریاست کی تین زمروں میں ترقی کو یقینی بنانے منصوبہ بندی کر رہے ہیں جن میں شہری ‘ نیم شہری اور دیہی ترقیات شامل ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں شامل ہے اور اسے اس میں برقرار رکھنے متعدد اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کسی بھی شہر کی ترقی اور شہر میں سرمایہ کاری بالخصوص بیرونی سرمایہ کاری کیلئے لازمی ہے کہ شہر میں معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ امن و امان کی برقراری کو یقینی بنایا جائے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ شہر کی مجموعی ترقی کیلئے حکومت سے جو منصوبہ تیار کیا جا رہاہے وہ میگا ماسٹر پلان ہے جس میں 2050 تک کی منصوبہ بندی کرکے شہری ترقیات پر کام کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں آتش فرو عملہ کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ فائر سیفٹی عملہ اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کی جان بچانے کی کوشش کرتا ہے اور حادثات کی صورت میں سب سے پہلے مقام پر پہنچنے والوں میں فائر سیفٹی عملہ ہوتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت سے شہر کو محفوظ شہروں کی فہرست میں سرفہرست مقام دلوانے جدوجہد کی جا رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تلنگانہ کے شہری علاقوں کی حیدرآباد کے طرز پر ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت آؤٹر رنگ روڈ سے قریب نئے شہرکو بسانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور 25ہزار ایکڑ پر عصری سہولتوں سے آراستہ فضائی و صوتی آلودگی سے پاک شہر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل کے منصوبہ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ شہر میں میٹرو ریل کو عوامی ضرورت کے مطابق وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت سے فارما سٹی منصوبہ کو ترک کرکے فارما ویلیج کے منصوبہ کو قطعیت دی جا رہی ہے تاکہ آلودگی سے پاک دیہی ترقیات کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکومتوں کو جو مسائل کا سامنا تھا ان سے تجربات حاصل کرکے انہیں دور کرنے ساتھ ترقی کی نئی منزلیں طئے کرنے کی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ انہو ںنے واضح کیا کہ تلنگانہ میں قانون شکنی و بے قاعدگیوں کو قطعی برداشت نہیں کیا جائیگا اور حکومت ایسی حرکتوں سے سختی کے ساتھ نمٹنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔3