آٹو مالکین و ڈرائیورس کا رجسٹریشن ضروری : کمشنرپولیس

   

حیدرآباد 4 جنوری ( این ایس ایس ) شہر میں چونکہ جملہ 1.4 لاکھ آٹوز چل رہے ہیں اور ان میں بیشتر کے پاس نہ مناسب دستاویزات ہیں اور ڈرائیورس کے پاس لائسنس ہے اور کچھ ڈرائیورس مسافرین کے ساتھ بدسلوکی بھی کر رہے ہیں اور اضافی کرایہ وصول کر رہے ہیں ایسے میں کمشنر پولیس انجنی کمار آئی پی ایس نے آج عوام کی اطلاع کیلئے اعلان کیا ہے کہ تمام آٹو مالکین اور ڈرائیورس کے علاوہ ایسی دوسری گاڑیوں کا بھی حیدرآباد ٹریفک پولیس میں رجسٹریشن کروایا جائیگا اور ڈرائیورس اور مالکین کو ان کے تمام ضروری دستاویزات رکھنے ہونگے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ جو مالکین حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں اپنی گاڑیاں چلانے کے خواہاں ہیں انہیں طئے شدہ فارمیٹ میں ڈرائیورس اور مالکین کے رجسٹریشن کیلئے درخواست دائر کرنا ہوگا اوراس کے ساتھ تمام ضروری دستاویزات بھی پیش کرنے ہونگے ۔ انہیں شناخت اور پتہ کا ثبوت پیش کرنا ہوگا ۔ انہیں گاڑی کی آر سی اور ڈرائیونگ لائسنس بھی پیش کرنا ہوگا ۔ یہ رجسٹریشن ایک سال کی مدت کیلئے ہوگا اور اس کے ختم ہونے پر اس کی تجدید کروانی ہوگی ۔ جن گاڑیوں میں ان قوانین کی خلاف ورزی ہوگی ان کے خلاف حیدرآباد سٹی پولیس ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی ۔ رجسٹریشن کا عمل 17 جنوری سے شروع ہوگا ۔