آپریشن تھیٹرز میں زیرتربیت ڈاکٹرز کو جنسی ہراسانی کا سامنا

   

لندن : انگلینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ایک سروے میں حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ اسپتال میں کام کرنے والی زیر تربیت ڈاکٹرز کو سینئر مرد ڈاکٹرز کی جانب سے آپریشن تھیٹرز میں ہراساں اور ریپ کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔یہ انکشاف برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے، اس رپورٹ کو برٹش جرنل آف سرجری میں بھی شائع کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سروے میں ان خواتین سے بات کی گئی جنہیں آپریشن تھیٹرز میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگلینڈ کی نیشنل ہیلتھ سروس اسپتال میں سینیئر مرد سرجنز کے ہاتھوں زیر تربیت خواتین سرجنز کو ہراساں کیا جارہا ہے۔بی بی سی کو شئیر کیے گئے اعدادوشمارکے مطابق تقریباً 2 تہائی خواتین سرجن ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی ہیں جبکہ ایک تہائی خواتین ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے 5 سال میں ساتھیوں کی جانب سے کی جانے والی جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنی ہیں۔خواتین ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا کہ واقعہ پولیس میں رپورٹ کروانے کے بعد ان کے کرئیر کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور انہیں اس بات پر یقین ہے کہ این ایچ ایس اسپتال ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔