نئی دہلی:دہلی میں عام آدمی پارٹی حکومت اور بی جے پی کے درمیان کشمکش بڑھتی جارہی ہے۔ الزامات اور جوابی الزامات کے درمیان آج عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے سی بی آئی ہیڈکوارٹر کے باہر دھرنا دیا۔ وہ دہلی میں بی جے پی کے آپریشن لوٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کا ایک وفد سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پہنچا لیکن سی بی آئی حکام نے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ اس کے بعد انہوں نے دھرنا شروع کر دیا۔ بعد میں سی بی آئی کی جانب سے شکایت لینے کے بعد دھرنا ختم ہوگیا۔عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی آج اپنی شکایت لے کر سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ وہاں کے اہلکاروں نے ان سے ملنے سے انکار کر دیا۔ اس دوران پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ اس کے بعد سنجے سنگھ نے عام آدمی پارٹی کے اراکین اسمبلی کے ساتھ سی بی آئی ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا شروع کر دیا۔
