’’آپ خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن گئے‘‘

   

صحافتی اخلاقیات کی خلاف ورزی ،ریپبلک ٹی وی کا انڈین ایکسپریس کو قانونی نوٹس
ممبئی : ٹی آر پی اسکام کیس میں ریپبلک ٹی وی کے مدیر اعلیٰ، ارنب گوسوامی کے خلاف ایک خبرشائع کرنے پر ریپبلک ٹی وی نے انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ’’آپ نے تمام صحافتی اخلاقیات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود ہی جج، جیوری اور جلاد کی حیثیت سے کام کیا ہے ‘‘۔ اورمطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف اس طرح کی ہتک عزت والی خبریں شائع کرنے سے باز رہے اور غیر مشروط طورپر معافی مانگے ۔ ریپبلک ٹی وی نے بنیادی طور پر 25 جنوری کو انڈین ایکسپریس میں شائع ایک خبر کی مخالفت کی ہے ، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ ریپبلک ٹی وی کے مدیر اعلیٰ ارنب گوسوامی نے بی اے آر سی کے سابق سی ای اوپرتھو داس گپتا کو اپنی ٹی آر پی رینکنگ بڑھانے کے لئے رشوت دی ہے ۔ اس معاملے میں یہ دلچسپ حقیقت قارئین کے ذہن میں رہے کہ ابھی پچھلے دنوں 18 جنوری کو بمبئی ہائی کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں جن الفاظ کا استعمال کرکے ریپبلک ٹی وی کو ہدف تنقید بنایا تھا، لگ بھگ اسی الفاظ میں اب اس چینل نے انڈین ایکسپریس کو قانونی نوٹس دی ہے ۔ بمبئی ہائی کورٹ نے میڈیا ٹرائل مقدمہ کے فیصلہ میں ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ کی کوریج کو بادی النظر میں توہین قرار دیتے ہوئے یہی اسی طرح کے الفاظ میں سرزنش کی تھی۔