آیت الکرسی والا ہار ،کرینہ کپور کو ہندو گروپ کی حمایت

,

   

بھوپال۔ 13 نومبر ۔ ( ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کے آیت الکرسی کی عبارت والے قدیم زمرد کے ہار پہننے پر تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ کی جانب سے اداکارہ کو قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد اب ایک ہندو تنظیم نے کرینہ کپور کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر چند تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ ایک بڑے قدیم زمرد کے لاکٹ میں نظر آئیں۔ اس لاکٹ پر قرآن مجید کی آیت الکرسی درج ہے۔ مشہور اسٹائلسٹ ریا کپور کے مطابق یہ تقریباً 200 سال قدیم زیور ہے اور اس کا تعلق بھوپال کے سابق شاہی خاندان سے ہے۔کانگریس ترجمان عباس حفیظ نے ان تصاویر پر اعتراض کرتے ہوئے کرینہ کپور کو قانونی نوٹس جاری کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اداکارہ کے زیور پہننے پر اعتراض نہیں، بلکہ قرآن مجید کی مقدس آیت کو سوشل میڈیا پر جس انداز میں پیش کیا گیا، اس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے تصاویر اور متعلقہ پوسٹس ہٹانے کے ساتھ عوامی طور پر معذرت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عباس حفیظ کے وکیل محمد ظفر نے کہا کہ لاکٹ پر قرآن مجید کی آیت درج ہے، جسے اسلام میں انتہائی مقدس مقام حاصل ہے۔ ان کے مطابق مذہبی تعلیمات میں قرآن مجید کو چھونے اور اس کی تلاوت کے حوالے سے طہارت اور وضو کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ قانونی نوٹس میں تصاویر ہٹانے، معذرت کرنے اور مستقبل میں مذہبی عبارت کو غیر مناسب انداز میں پیش نہ کرنے کی یقین دہانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔عباس حفیظ کا کہنا ہے کہ یہ لاکٹ بھوپال کی بیگمات کے تاریخی ورثے سے تعلق رکھتا ہے اور اسے محض فیشن کے بجائے عقیدت اور مذہبی وابستگی کی علامت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کی ذاتی پہل ہے اور اس معاملے کا کانگریس پارٹی، اس کی نظریاتی پالیسی یا سیاسی موقف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اس زیور کی تاریخی اہمیت کا تعلق پٹودی خاندان سے بھی بتایا جاتا ہے۔ اداکار سیف علی خان کی دادی ساجدہ سلطان، بھوپال کے آخری حکمران نواب حامد اللہ خان کی صاحبزادی تھیں۔ اسی خاندانی تعلق کی وجہ سے اس قدیم لاکٹ کو بھوپال کے سابق شاہی خاندان کے ورثے سے جوڑا جارہا ہے۔فی الحال کرینہ کپور کے دیوالی لک کے لیے پہنے گئے اس قدیم زیور نے مذہبی احترام، شاہی ورثے اور سوشل میڈیا پر مذہبی علامات کی نمائش سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔