دو ماہ کا اعزازیہ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیک جاری کیا
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ائمہ اور مؤذنین کے دو ماہ کے اعزازیہ کے طور پر 9 کروڑ 97 لاکھ 50 ہزار روپئے جاری کردیئے ۔ انہوں نے آج یہ چیک جاری کیا جو 33 اضلاع کے درخواست گزاروں کو دو ماہ کے اعزازیہ کے طور پر اکاونٹ میں جمع کیا جائے گا ۔ ہر ماہ 5000 روپئے کے حساب سے ائمہ اور مؤذنین کو 10,000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ جملہ 9975 ائمہ اور مؤذنین کو یہ رقم جاری کی جائے گی۔ ایک ماہ کے اعزازیہ کے لئے چار کروڑ 98 لاکھ 75 ہزار روپئے کا خرچ آتا ہے۔ چیک کی اجرائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اور ملک کی کسی بھی ریاست میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات تلنگانہ کی طرح نہیں ہیں۔ انہوں نے اقلیتی بہبود اور ریاست کی ترقی کے معاملہ میں تلنگانہ کو ملک کیلئے رول ماڈل قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ملک کے نمبر ون چیف منسٹر کا موقف حاصل کرچکے ہیں جنہوں نے ایک نئی ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے ذریعہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے گا ۔ وہ چاہتے ہیں کہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے مسلمانوں کی تعلیمی اور طبی امداد کی جاسکے۔ وہ اس سلسلہ میں کئی اسکیمات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ محمد سلیم نے حلقہ اسمبلی نامپلی میں 8 مختلف مساجد کی تعمیر اور مرمت کیلئے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر 53 لاکھ روپئے جاری کئے ۔ انہوں نے مذکورہ رقم کا چیک رکن اسمبلی نامپلی کے حوالے کیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر مساجد ، عیدگاہوں اور قبرستانوں کی حفاظت اور تعمیر و مرمت کے لئے وقف بورڈ کے ذریعہ گرانٹ ان ایڈ منظور کر رہے ہیں۔ ائمہ اور مؤذنین کے باقی چار ماہ کے بقایا جات بھی جلد جاری کردیئے جائیں گے۔ ائمہ اور مؤذنین میں حیدرآباد کے استفادہ کنندگان کی تعداد 1551 ہے جبکہ سنگا ریڈی میں 839 اور نظام آباد میں یہ تعداد 800 ہے۔ مذکورہ اسکیم کیلئے درخواستوں کی کوئی حد مقرر نہیں۔ وقف بورڈ کو جتنی درخواستیں موصول ہوں گی، جانچ کے بعد تمام درخواست گزاروں کو ماہانہ اعزازیہ جاری کیا جائے گا۔