درخواستوں کا ادخال جاری ، رقومات کی آن لائن منتقلی کو یقینی بنانے کی کوشش : محمد سلیم
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) ائمہ و موذنین کواعزازیہ کی اجرائی کے متعلق موصول ہونے والی شکایت میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور حکومت و تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ و موذنین کو جاری کئے جانے والے اعزازیہ کی رقم بورڈ کے پاس موجود ہے لیکن بعض تکنیکی وجوہات کی بناء پر ان کی اجرائی میں کچھ تاخیر ہورہی ہے۔ ائمہ و موذنین کا کہناہے کہ کئی ماہ سے اعزازیہ کی رقم ان کے کھاتوں میں منتقل نہیں کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں متعدد شکایات بھی کی جا چکی ہیں لیکن ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے اس خصوص میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم نے دعوی کیا کہ رقومات کی کوئی قلت نہیں ہے اور انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بعض تکنیکی وجوہات کے سبب بعض ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے لیکن مجموعی اعتبار سے رقومات کی اجرائی وقت پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی مساجد کے ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں درخواستوں کے ادخال کا عمل جاری ہے اور کوئی بھی مسجد کے ذمہ دار اور ائمہ و موذنین راست درخواست داخل کر سکتے ہیں جس کی تنقیح و تصدیق وقف انسپکٹر کے ذریعہ کروانے کے بعد اعزازیہ کی اجرائی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اسمبلی انتخابات سے قبل اعزازیہ میں اضافہ کا اعلان کیا تھا اس پر عمل آوری بھی شروع ہوچکی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ و موذنین کے اعزازیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو بہتر بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں میں آن لائن رقومات کی منتقلی کو یقینی بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے لیکن تکنیکی خرابیوں اور دور کرنے میں وقت درکار ہورہاہے اسی لئے کئی ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی میں مشکلات بھی سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ و موذنین کو جاری کئے جانے والے اعزازیہ کی رقومات کی اجرائی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بروقت ماہانہ اعزازیہ کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان شکایات کو دور کیا جا سکے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں موجود مساجد کے ائمہ و موذنین کو اعزازیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں درخواستوں کی وصولی کا عمل تیز کرنے کی صدرنشین وقف بورڈ نے ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ اسکیم کی تشہیر کے ذریعہ ائمہ و موذنین کے علاوہ مساجد کی کمیٹیوں کو درخواستوں کے ادخال کی سمت راغب کروایاجائے ۔