حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ) : بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش تقاریب کے ضمن میں ابوالکلام آزاد اورینٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام گاندھی جی کے حیات اور کارناموں پر ایک تصویری نمائش 28 اکٹوبر تا 8 نومبر منعقد ہوگی ۔ پروفیسر اشرف رفیع صدر نشین نے بتایا کہ اس نمائش میں عوام کا داخلہ مفت رہے گا اور نمائش گیارہ تا 4 بجے دن تمام دنوں میںعوام کے لیے کھلی رہے گی ۔ جس میں بہت ہی نادر و نایاب تصاویر پہلی مرتبہ پیش کی جارہی ہے جو گاندھی جی کے حیات اور آزادی ہند کے لیے ان کی جانب سے چلائی جانے والی اہنسا تحریک پر روشنی ڈالتی ہیں ۔ نمائش کے آغاز میں گاندھی جی کے بچپن پھر آفریقہ میں ان کی بیرسٹری کی تعلیم کی تصاویر بھی رہیں گی ۔ 1916 میں مہاتما گاندھی نے ریاست بہار کے ضلع چمپارن کا جو دورہ کیاتھا ان تصاویر کے علاوہ ہندوستان چھوڑ دو تحریک ، ڈانڈی مارچ ، سائمن کمیشن واپس جاؤ کی تحریک ، سودیشی مال کے بائیکاٹ ، آزادی ہند کے لیے چلائی جانے والی تحریک کے لیے مہاتما گاندھی عطیات طلب کرتے ہوئے اس کے علاوہ آفریقہ اور یورپی ممالک میں مہاتما گاندھی کی جانب سے چلائی جانے والی دیگر تحریکوں اور ملک کے مختلف علاقوں بمبئی ، بنگال وغیرہ میں جو تحریکیں چلائی ہیں اور ان میں مہاتما گاندھی کی گرفتاریاں عمل میں آئیں اور مہاتما نے جیل کی صعوبتیں جھیلیں ان کی تصاویر نمائش میں آویزاں کی گئی ہیں نمائش کی ترتیب اور آرائش کا کام ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والے میوزیم کے ماہرین جناب محمد عبدالعظیم اور جناب محمد ثمین خان انجام دے رہے ہیں مدارس اور کالجس کے ذمہ داران طلبہ کو نمائش دکھانے کے لیے اوقات کا تقرر فون نمبر 9704507349 پر ربط کر کے حاصل کریں ۔۔