اسلا م آباد۔5 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان 6 جنوری اتوار کو پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد آئیں گے۔وہ وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دوسرے سیاسی قائدین سے ملاقات کریں گے اور ان سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کے دورے کے موقع پر یو اے ای کی جانب سے پاکستان کیلئے دو ارب ڈالرز کی امداد اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر بھی غور کیا جائیگا۔واضح رہے کہ نومبر 2018 میں وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے امارات کی قیادت سے بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کوطویل المدت تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے سے اتفاق کیا تھا اور دو طرفہ سیاسی ، تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے اتفاق کیا تھا۔