ابوعاصم کیخلاف مقدمہ کیلئے پولیس افسر قصوروار : عدالت

   

ممبئی: سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو عاصم اعظمی کے معاملے میں دلچسپ پیشرفت سامنے آئی جہاں ایک سیشن عدالت نے ایس پی لیڈر کو حال ہی میں ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر نے ثبوت دیکھے بغیر اعظمی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ اعظمی پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے مغل بادشاہ اورنگ زیب کی تعریف میں ریمارکس کئے تھے۔ عدالت نے منگل کو اعظمی کو ضمانت دے دی، جبکہ تفصیلی حکم کی کاپی جمعرات کے روز دستیاب کرائی گئی۔
اپنے حکم میں، جج وی جی رگھوونشی نے کہا کہ تفتیشی افسر نے انٹرویو کو دیکھے بغیر مقدمہ درج کیا، جس میں ایم ایل اے پر مغل حکمران اورنگزیب کی تعریف کرکے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔عدالت نے اعظمی کو سینئر سیاستدان کے طور پر “تحمل سے کام لینے ” اور “اپنی ذمہ داری کو سمجھنے ” کی تنبیہ بھی کی۔ انہیں اپنے تبصروں کی وجہ سے مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس سے معطل کر دیا گیا ہے ۔عدالت نے کہا، ”اس معاملے میں تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ، اس لیے اعظمی کے انٹرویو پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ میں نے تفتیشی افسر سے انٹرویو کی ویڈیو کے بارے میں پوچھا۔ مجھے یہ سن کر حیرت ہوئی کہ تفتیشی افسر کے پاس آج تک مبینہ انٹرویو کی ویڈیو ریکارڈنگ نہیں ہے اور اس نے انٹرویو دیکھے بغیر جرم درج کر لیا ہے ۔