ابوعاقلہ کی ہلاکت کے خلاف لندن میں احتجاجی مظاہرہ

   

لندن : لندن میں ہزاروں افراد نے مغربی کنارے میں خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کی ہلاکت کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔سنیچر کو لندن میں ہونے والے اس احتجاجی مظاہرے میں لگ بھگ 15 ہزار افراد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی سنائپر کے ہاتھوں ’شیریں ابو عاقلہ کے قتل کے ردعمل میں لندن میں یہ احتجاج ہو رہا ہے اور اس دوران بی بی سی ہیڈ کوارٹرز کے سامنے 55 پریس جیکٹس رکھی گئیں جو اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ سنہ 2000 سے اب تک اسرائیل کی جانب سے 55 صحافی قتل کیے جا چکے ہیں۔خیال رہے کہ 25 برس سے فلسطین اسرائیل تنازع کی رپورٹنگ کرنے والی نامور خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کو مغربی کنارے کے ایک قصبے جینن میں چہارشنبہ کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے گولی مار دی گئی تھی۔جمعہ کو شیریں ابوعاقلہ کی آخری رسومات کے دوران بھی اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصیٰ میں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی مذمت کے ساتھ ساتھ اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔برطانیہ میں سرگرم ’فرینڈز آف الاقصیٰ‘ نامی تنظیم نے کہا ہے کہ لندن میں فلسطین کیلئے ہونے والے احتجاج میں 15 ہزار افراد شریک ہوئے۔