ابھیشک نے ہندوستان کے طویل عرصہ کا مسئلہ حل کردیا

   

ہرارے ۔ ہندوستانی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار کامیابی درج کی۔ اس جیت کے ہیرو ابھیشیک شرما تھے جنہوں نے صرف47 گیندوں پر100 رنز بنائے۔ ابھیشیک شرما کا یہ صرف دوسرا بین الاقوامی میچ تھا، پہلے میچ میں وہ اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے لیکن دوسرا موقع ملتے ہی انہوں نے حریف کو پریشان کردیا اور 8 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکورکی۔ ابھیشیک شرما کی کلین ہٹنگ نے انہیں طویل عرصے تک ٹیم انڈیا کے لیے کھیلنے کا دعویدار بنا دیا ہے۔ دراصل، ابھیشیک شرما کی یہ پہلی بین الاقوامی سیریز ہے۔ اگرچہ اس کھلاڑی کو ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے لیکن ابھیشیک شرما میں جو خوبیاں ہیں ان کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ کھلاڑی ونڈے فارمیٹ میں بھی زبردست کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ پوری دنیا نے ابھیشیک شرما کی آئی پی ایل میں اور اب ہرارے میں بھی بیٹنگ دیکھی ہے لیکن یاد رہے کہ یہ کھلاڑی ایک اچھا بائیں ہاتھ کا اسپنر بھی ہے۔ ابھیشیک درمیانی اوورزکے ساتھ ساتھ پاور پلے میں بھی اسپن بولنگ کرسکتے ہیں۔ ابھیشیک شرما ٹیم انڈیا کا وہ کھلاڑی ہے جس کی اسے برسوں سے تلاش تھی۔ دراصل، ٹیم انڈیا طویل عرصے سے ایک مشکل مسئلہ سے دوچار ہے۔ اس کے پاس ایک سے زیادہ بیٹرس ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ بولنگ نہیں کر سکتا۔ روہت۔ ویرات، سوریاکمار یادو، شبمن گل، یشسوی جیسوال، ان سبھی کو خالص بیٹرس سمجھا جاتا ہے لیکن طوفانی اوپننگ کے علاوہ ابھیشیک شرما بولنگ بھی کرسکتے ہیں جو ان کو سب سے ممتاز بناتا ہے ۔ لسٹ اے کرکٹ میں ابھیشیک شرما کے بولنگ کے اعداد و شمار بھی حیرت انگیز ہیں۔ اس آل راؤنڈر نے 38 اننگز میں 29 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اکانومی ریٹ صرف 4.66 رنز فی اوور ہے۔ جہاں بھی ابھیشیک شرما کو پچ سے معمولی سی بھی مدد ملے گی وہ نہ صرف بیٹرس کو باندھ دیں گے بلکہ آؤٹ بھی کردیں گے۔ اگلے سال ٹیم انڈیا کو چمپئنز ٹرافی کھیلنی ہے جس کا انعقاد پاکستان میں ہونا ہے۔ یہ ونڈے فارمیٹ کا ٹورنمنٹ ہے اور شاید ٹیم انڈیا نے اسے جیتنے کے لیے پہلے ہی اپنے منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے۔ اب اگر ابھیشیک شرما کو ونڈے فارمیٹ میں موقع دیا جاتا ہے تو ابھیشیک شرما بھی چمپئنز ٹرافی میں کھیلتے نظر آسکتے ہیں۔ تاہم سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا ٹیم انڈیا چمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جائے گی؟۔