ابھینندن ورتمان کو پاکستان میں ذہنی اذیت دی گئی

   

سرکاری ذرائع کا بیان ۔ وزیر دفاع اور ائر چیف مارشل کی ونگ کمانڈر سے ملاقات
نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان نے آج وزیر دفاع نرملا سیتارامن اور ائر چیف مارشل بی ایس دھنوا کو پاکستان میں اپنی تقریبا 60 گھنٹوں کی قید کے دوران ذہنی اذیت سے واقف کروایا ۔ پاکستان میں ابھینندن ورتمام کو ان کا طیارہ گرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا اور کل ان کی رہائی عمل میں آئی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ سیتارامن نے ورتمان سے فوجی ریسرچ ہاسپٹل نئی دہلی میں ملاقات کی ۔ اپنے ایک ٹوئیٹ میں سیتارامن نے کہا کہ انہوں نے ورتمان اور ان کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انہیں ان کی بہادری پر مبارکباد دی اور کہا کہ سارا ملک ان کا شکر گذار ہے کیونکہ انہوں نے بے لوث خدمت انجام دی ہے ۔ انہوں نے ورتمان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ ورتمان کی شریک حیات اسکواڈرن لیڈر تنوی مرواہ ( ریٹائرڈ ) سات سالہ لڑکے ‘ بہن آدیتی اور کچھ دوسرے سینئر فوجی عہدیدار بھی اس ملاقات کے موقع پر موجود تھے ۔ انڈین ائر فورس کے پائلٹ نے پاکستان کے ایک F-16 طیارہ کو مارگرایا تھا اور بعد میں ان کا طیارہ خود پاکستانی شلباری کی زد میں آکر گرپڑا تھا ۔ ان کے دواخانہ میں کئی طبے معائنے کئے گئے ہیں اور انہیں آرام دیا جا رہا ہے ۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان کے مطابق نرملا سیتارامن نے پائلٹ کو سارے ملک میں ان کے تعلق سے پائے جانے والے جذبات سے واقف کروایا اور ان کی لڑاکا صلاحیتوں کی ستائش بھی کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ونگ کمانڈر ابھینندن ذہنی طور پر کافی مستحکم ہیں اور پاکستان میں اذیتیں سہنے کے باوجود ان کے جذبے قابل ستائش ہیں۔ چیف آف ائر اسٹاف ائر چیف مارشل دھنوا اور کئی دوسرے اعلی عہدیداروں نے بھی ورتمان سے علیحدہ ملاقات کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ورتمان نے ائر فورس کے حکام کو بتایا کہ حراست میں حالانکہ انہیں کوئی جسمانی اذیت نہیںدی گئی لیکن ذہنی اذیتیں ضرور دی گئی ہے ۔ ورتمان کو انڈین ائر فورس کے ایک طیارہ کے ذریعہ کل رات 11.45 بجے دہلی لایا گیا تھا ۔ انہیں ائر فورس سنٹرل میڈیکل سنٹر کو لیجایا گیا اور پھر باضابطہ دواخانہ کو منتقل کیا گیا ۔ اس سے قبل کل رات پاکستان نے انہیں واگھا سرحد پر ہندوستان کے حوالے کیا تھا ۔