اتراکھنڈ عوام کیلئے مفت مقدس سفر کی اسکیم کا وعدہ : کجریوال

   

دہرہ دون : عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے کہا ہے کہ اتراکھنڈ کے لوگ اس بار انتخابات میں نئی پارٹی کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ اگر اتراکھنڈ میں عام آدمی پارٹی کی حکومت قائم ہوتی ہے تو ریاست کے مختلف طبقات کے عوام کیلئے مقدس سفر کی مفت اسکیم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کو ایودھیا بھیجا جائے گا جبکہ مسلمانوں کو اجمیر شریف اور سکھوں کو کرتارپور صاحب کا مقدس سفر مفت کرایا جائے گا۔ ہریدوار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دہلی میں بھی ایسی ہی اسکیم شروع کی گئی ہے۔
جس کے تحت ہریدوار کے بشمول ملک کے 12 مقدس مقامات کیلئے اے سی ٹرینوں کے ذریعہ مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تاحال 36 ہزار افراد اس سے مستفید ہوچکے ہیں۔