اتراکھنڈ میں حادثہ ، بس الکنندا ندی میں گر گئی

   

تین کی موت‘زخمیوں میں 2کی حالت تشویشناک‘9لاپتہ
دہرادون۔26؍جون(ایجنسیز)اتراکھنڈ کے رودرپریاگ ضلع میں جمعرات کو ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جس میں کئی لوگ زخمی ہوئے اور کئی اب بھی لاپتہ ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں میں 2کی حالت تشویشناک ہے اور 9لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق رودرپریاگ ضلع میں بدری ناتھ ہائی وے پر راجستھان سے آنے والی بس الکنندا ندی میں گر گئی۔ بس میں کل 18 افراد سوار تھے جن میں سے سات زخمی ہیں۔ ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے جبکہ 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ساتھ ہی چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے اس المناک حادثے کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔ دھامی نے ٹویٹ کیا کہ رودرپریاگ ضلع میں ایک ٹیمپو ٹریولر کے دریا میں گرنے کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور دیگر ریسکیو ٹیموں کے ذریعے راحت اور بچاؤ کا کام جنگی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گھولتیر کے علاقے میں ایک ٹیمپو ٹریولر بے قابو ہو کر ندی میں جا گری۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق جن 7 زخمیوں کو بچا لیا گیا ہے ان میں 2 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔حادثے میں زخمی ہوئے ٹیمپو ٹریولر ڈرائیور نے بتایا کہ وہ بس سے کیدارناتھ سے بدری ناتھ جا رہا تھا۔ اس دوران ایک ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی جس کی وجہ سے ٹیمپو ٹریولر دریا میں گر گیا۔