اترا کھنڈ میں خوفناک سڑک حادثہ ‘36افراد ہلاک

,

   

مسافروں سے بھری بس کھائی میں گرگئی، حکومت کا ایکس گریشیا کا اعلان
الموڑہ(اتراکھنڈ ):اتراکھنڈ میں ایک المناک حادثے میں ایک مسافر بس علاقہ کوپی کے قریب کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں36مسافر ہلاک ہوگئے ۔ ملبے سے 36 نعشیں برآمد ہوئیں ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی ہاسپٹلس میں علاج کیلئے داخل کرادیا گیا ہے۔ یہ بس 46 مسافروں کو لے کر پوڑی سے رام نگر جا رہی تھی۔ چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثہ پر فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثاء کو فی کس 4لاکھ روپئے اورز خمیوں کوایک لاکھ روپئے امداددینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے اس حادثہ کیلئے ذمہ دار افراد کو معطل کرنے کا بھی حکم دیا۔تفصیلات کے مطابق اتراکھنڈ کے الموڑہ میں یہ بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کیناتھ سے رام نگر جا رہی مسافر بس کھائی میں گر گئی۔ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی جس کے بعد امدادی کاروائیاں شروع ہوگئیں اور لوگوں کو بحفاظت نکال کرہاسپٹل منتقل کیا گیا۔بتادیں کہ الموڑہ کے مارچولا کے قریب یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ کئی لوگ اب بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ وہیں دیول ہاسپٹل میں 10 افراد زیر علاج ہیں۔ لوگوں کو کھائی سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔ڈی سی آر الموڑہ نے بتایا کہ اس واقعہ میں 20 زخمیوں کو نکال کر رام نگر ہاسپٹل بھیج دیا گیا ہے۔ بس میں تقریباً 45 سے 50 افراد سوار تھے ۔ بس بارات نامی جگہ سے پوڑی سے رام نگر جا رہی تھی۔ اسی دوران سالٹ کے کوپی مقام کے پاس ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا اور کچھ ہی دیر میں بس گہری کھائی میں گر گئی۔ بس گرتے ہی مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ حادثے کے وقت کچھ مسافر بس سے باہر گر گئے۔