یوگی آدتیہ ناتھ کے بدترین نظم و نسق کے خلاف مظاہرہ
لکھنؤ:8 اگست(سیاست ڈاٹ کام )شیوپال سنگھ یادو کی قیادت والی پرگتی شیل سماجوادی پارٹی(لوہیا)(پی ایس پی ایل) نے جمعرات کو ریاست میں خستہ حال نظم وضبط کے معاملے پر راجدھانی میں زبردست احتجاج کیا۔پی ایس پی ایل کارکنوں نے پارٹی دفتر لال بہادر شاستری مارگ سے جی پی او تک شیوپال سنگھ اور ان کے بیٹے آدتیہ کی قیادت میں مارچ نکالا۔ مظاہرے کے دوران پی ایس پی ایل کے کارکنوں اور سیکورٹی اہلکار کے درمیان اس وقت نوک جھونک شروع ہوگئی جب کارکنوں نے پولیس کے ذریعہ ودھان بھون تک پہنچنے سے روکنے کے لئے لگائے گئے بریکیٹنگ کو توڑنے کی کوشش کی۔اس کے بعد وہ جی پی او پہنچ کر دھرنے پر بیٹھ گئے اور یوگی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی وجہ سے جام بھی لگ گیا جس کی وجہ سے آمد ورفت میں مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔یہاں تک ایمبولنس کو بھی گذرنے کے لئے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔پی ایس پی ایل لیڈر نے اپنے مطالبات کا 21نکاتی میمورنڈم ضلع انتظامیہ کو سونپا۔مظاہرے کے دوران شیوپال سنگھ یادو نے کہا کہ ریاست میں نظم ونسق کا حال انتہائی خستہ ہے اور جرائم پشہ افراد و غنڈوں کا بول بالا ہے ۔پی ایس پی ایل سربراہ نے الزام لگایا کہ لوٹ، ڈکیتی،چین اسنیچنگ اور خواتین کے خلاف جرائم کے وارادت روز مرہ کا معمول بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ یوگی حکومت کے ظلم اور ان کی اناہلیت سے لڑنے کے لئے جیل جانے کو تیار ہیں۔ راجدھانی میں جرائم پیشہ افراد کا دبدبہ اور وہ جہاں چاہتے ہیں واردات انجام دیتے ہیں اور پولیس خاموش رہتی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ یوگی حکومت کے منظم کرائم میں کمی کے دعوؤں کے برخلاف اس میں اضافہ ہوا ہے ۔پی ایس پی ایل سربراہ نے مطالبہ کیا کہ پٹرول،ڈیژل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کو بھی جی ایس ٹی کے تحت لانے کا مطالبہ کیا جس سے بنیادی ضروریات کی اشیاء میں کمی آئے گی۔وہیں سماج وادی پارٹی نے بھی ریاست میں نظم ونسق کے معاملے پر ریاست گیر مظاہرے کا اعلان کیا ہے ۔