لکھنؤ: اتر پردیش کے تمام مدارس میں قومی ترانہ لازمی قرار دیا گیا ہے، اترپردیش کے تعلیمی بورڈ نے یہ حکم جاری کیا ہے۔ اتر پردیش مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے رجسٹرار ایس این پانڈے نے 9 مئی کو تمام ضلع اقلیتی بہبود کے افسران کو اس پر عمل آوری کا حکم جاری کیا تھا۔ حکام نے جمعرات کو بتایا کہ قومی ترانہ (جن گنا من) گانا اب تمام مدارس میں لازمی کر دیا گیا ہے۔افسران نے بتایا کہ یہ فیصلہ 24 مارچ کو بورڈ میٹنگ کے دوران لیا گیا تھا۔ جس میں تمام مدارس میں نماز کے دوران قومی ترانہ بجانے کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے بعد 12 مئی سے تمام مدارس میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہو گیا تھا اور یہ حکم اسی دن سے نافذ ہو گیا تھا حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کلاسز شروع ہونے سے قبل اساتذہ اور طلباء کی جانب سے قومی ترانہ گایا جائے گا، یہ تمام تسلیم شدہ، مالی امداد یافتہ اور غیر مالی امداد یافتہ مدارس میں لاگو ہوگا۔ ضلع اقلیتی بہبود کے افسران کو حکم کی تعمیل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ بی جے پی رہنما محسن رضا نے بھی اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ رضا نے کہا کہ اس سے بچوں میں وطن سے محبت بڑھے گی۔ یہ نظم و ضبط اور حب الوطنی کا درس دے گا۔