دوباک میں انتخابی مہم ، گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے دوباک کی انتخابی مہم کے دوران نوجوان رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ کانگریس پارٹی کے امیدوار سی ایچ سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ دوباک منڈل کے چیکوڑ موضع میں دورہ کے موقع پر اتم کمار ریڈی نے نوجوانوں کو والی بال کھیلتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ کچھ دیر تک والی بال کھیلا اور اپنی اسپورٹس صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ اتم کمار ریڈی اور کانگریس امیدوار سرینواس ریڈی دونوں دور طالب علمی میں والی بال کے اچھے کھلاڑی رہے ہیں۔ نوجوانوں نے اتم کمار ریڈی کی ستائش کی جنہوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے والی بال میں حصہ لیا۔ اتم کمار ریڈی کے دورہ کے موقع پر مواضعات میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا ۔ خواتین اور نوجوانوں نے کانگریس پارٹی کی تائید کا عہد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی اور وعدہ کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر دوباک کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے گزشتہ 6 برسوں میں علاقہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔ سابق رکن اسمبلی متیم ریڈی کے دور میں دوباک کی ترقی ہوئی اور ان کے فرزند سرینواس ریڈی کانگریس امیدوار کی حیثیت سے عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ انتحابی میدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو حکومت کی زرعی پالیسی کے نتیجہ میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر کسانوں کے حق میں اسکیمات تیار کی جائیں گی ۔ اتم کمار ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ دوباک میں کانگریس کی کامیابی سے ریاست میں ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہوگا۔