اتم کمار ریڈی کے ہیلی کاپٹر کی کوداڑ میں ایمرجنسی لینڈنگ

   

Ferty9 Clinic

پرواز کے دوران اچانک موسم کی تبدیلی پر پائلٹ کا دانشمندانہ فیصلہ
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ہیلی کاپٹر نے آج موسم کی اچانک خرابی کے سبب کوداڑ میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ اتم کمار ریڈی مختلف آبپاشی پراجکٹس کا معائنہ کرنے کیلئے حیدرآباد سے حضور نگر کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ انہیں ملا چیروو مقام پر لینڈنگ کرنی تھی لیکن سفر کے دوران اچانک موسمی تبدیلی تیز ہواؤں اور بارش کے نتیجہ میں ہیلی کاپٹر کا رخ کوداڑ کی طرف موڑنا پڑا ۔ پائلٹ نے احتیاطی طور پر کوداڑ میں ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو کسی بھی امکانی حادثہ سے بچالیا۔ اتم کمار ریڈی اور کانگریس قائدین نے ہیلی کاپٹر کی بحفاظت لینڈنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اتم کمار ریڈی کوداڑ سے سڑک کے راستے حضور نگر روانہ ہوئے اور مختلف عوامی پروگراموں میں شرکت کی ۔ سوریا پیٹ ، نلگنڈہ اور بھونگیر اضلاع میں آج صبح سے موسم تبدل ہوگیا اور کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ ہیلی کاپٹر جیسے ہی کوداڑ کے قریب پہنچا ، پائلٹ نے موسم کی خرابی کو محسوس کرتے ہوئے ایمرجنسی لینڈنگ کو ترجیح دی۔ لینڈنگ کے بعد مقامی حکام نے اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی اور موسم کی خرابی سے واقف کرایا۔ متحدہ کھمم ضلع کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔ اتم کمار ریڈی راجیو گاندھی لفٹ اریگیشن اسکیم کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے چنتلا پالیم موضع روانہ ہونے والے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ آبپاشی پراجکٹس کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔1