تھوڑی سی غفلت پر جانور حلال کے بجائے حرام ہوجاتا ہے ، حصص کی تقسیم میں عدل لازم ، سنگاریڈی میں سمینار، علماء کا خطاب
سنگاریڈی : مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی کے شعبہ فقہی تحقیقات و تفہیمات کے زیر اہتمام عیدالاضحی اور قربانی کے مسائل پر مدرسہ عربیہ نعمانیہ پرشانت نگر، راجم پیٹ پایپ لاین روڈ، سنگاریڈی میں ایک ’سیمینار‘ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں علمائے کرام نے مختلف عنوانات پر اپنے فقہی مقالات پیش کیے اس موقع پر مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجتماعی قربانی ایک مفید اور بہتر عمل ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت اہم اورنازک عمل بھی ہے اس لیے اجتماعی قربانی کرنے والوں کو فقہی رہنمائی حاصل کرتے رہنا چاہیے بالخصوص جانور خریدنے میں ،گوشت کی تقسیم میں ،ذبح گاہ کی صاف صفائی اور چرم کے استعمال میں رہنمائی حاصل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے بالخصوص حصص کی تقسیم میں اندازہ کے بجائے وزن کے ذریعہ حصہ مقرر کرنے کی اپیل کی اسی طرح چرم کے مسائل پر کہاکہ چرم کا حکم گوشت کے مماثل ہے ، لوگوں کی منفعت اس سے جڑی ہوی ہے لہذا قربانی کرنے والے اصحاب چرم سے خود فایدہ اٹھائیں یا دوسروں کو ہدیہ دیں یا فروخت کرکے رقم غریبوں پر صدقہ کردیں چرم ہرگز بھی ضایع نا کیا جائے ۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے کہا کہ جانور ذبح کرتے وقت بسم اللہ اللہ اکبر پڑھنا ایک امر تعبدی ہے اس کو جان بوجھ کر یا غفلت سے چھوڑ دینے کی وجہ سے جانور حلال نہیں ہوتا آج کل اس سلسلے میں بڑی کوتاہی دوکانات، بازاروں اور شادی بیاہ کے موقوں پر دیکھنے میں آرہی ہے، لہذا معاشرہ میں اس کی اصلاح کیلئے اس کاروبار سے جڑے ہوئے افراد سے گزارش ہے کہ ذبح سے متعلق تمام تر شرعی معلومات حاصل کریں ۔ ذبح سے متعلق خصوصی تربیت کیلئے مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی میں تربیتی کلاسس منعقد کی جائیں گی اور تربیت یافتگان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا مفتی ابوبکر جابر قاسمی ناظم مدرسہ کہف الایمان حیدرآباد نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات اور دستور زندگی ہے زندگی کے ہر شعبہ میں اسلامی تعلیمات موجود ہیں حتی کہ اس زمانے کے لحاظ سے پیدا شدہ جدید مسایل کے حل کیلئے بھی قرآن و حدیث میں اشارے موجود ہوتے ہیں ۔ تحقیق و تدقیق کے ذریعہ ان تک پہنچنے کی ضرورت ہوتی ہے قربانی کے مسایل پر انتظامیہ مدرسہ عربیہ نعمانیہ سنگاریڈی کی جانب سے منعقدہ فقہی مقالات پر مشتمل ’ سیمینار‘ ایک خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی ایک ایسی عظیم الشان عبادت ہے جس کی تاریخ اتنی ہی قدیم ہے جتنا انسان قدیم ہے لہذا وباؤں، بیماریوں اور سخت حالات کے باوجود اس مبارک عمل یعنی قربانی سے کوتاہی نہیں کرنی چاہیے ۔ مفتی محمد مصطفیٰ قاسمی، مفتی عبدالسمیع قاسمی، مولانا رحمت اللہ قاسمی، مفتی سید نعمان شارق حسامی ، مفتی محمد معزقاسمی اور مفتی سید عاکف تمیم قاسمی نے بھی اپنے اپنے مقالات پیش کیئے ۔