اجمیر عرس میں پاکستانی زائرین کی شرکت غیریقینی

   

اجمیر، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان۔پاکستان کشیدہ حالات کی وجہ سے اجمیر میں ہونے جارہے خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی (رح) کے 807ویں سالانہ عرس میں پاکستانی زائرین کے گروپ کا آنا اب مشکوک ہے ۔3 مارچ کو جھنڈے کی رسم کے ساتھ غیررسمی شروعا ت اور رجب کے مہینے کے چاند نظر آنے کے بعد باضابطہ عرس کی ابتدا کی وجہ سے پاکستان زائرین کا آنا8 مارچ کو طے مانا جارہا تھا لیکن اب بدلی ہوئی صورت حال میں ممکنہ طور پر یہ دورہ رد ہوسکتا ہے ۔ پاکستانی گروپ کے ہندوستان آنے کی کوئی سرکاری اطلاعات ضلع انتظامیہ، پولس انتظامیہ اور خفیہ پولس کے پاس نہیں ہے جس سے مانا جارہا ہے کہ اس مرتبہ پاکستانی زائرین کا گروپ اجمیرنہیں آسکیں گے ۔بتایا جارہا ہے کہ اجمیر عرس میں شرکت کے کے لئے پاکستان میں دسمبر کے مہینے سے ہی درخواستیں مانگ کر تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں جو تیاریاں مکمل بھی کرلی گئیں ہیں۔ لیکن تناؤ کی وجہ سے اب نہ تو پاکستانی ہندوستان آنا چاہیں گے اور نہ ہی ہندوستانی حکومت اس کی اجازت دے گی۔