کراچی : کراچی میں پولیس کے مطابق مشتعل ہجوم نے ایک احمدی شخص کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ پاکستان میں ماضی میں بھی مذہبی اقلیتی گروپ احمدیوں کے خلاف تشدد کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ پاکستان میں حکام کے مطابق کراچی میں جمعہ کے روزاحمدیوں کی ایک عبادت گاہ کے باہر ہنگامہ آرائی کے دوران ہجوم کی جانب سے ایک احمدی شہری کو شدید تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا گیا۔ کراچی کے علاقہ صدر کی پریڈی اسٹریٹ پر مشتعل ہجوم نے پہلے سے ظلم و ستم کے شکار اس مذہبی اقلیتی گروپ کی عبادت گاہ کو گھیر لیا تھا۔ احمدی برادری کے ترجمان امیر محمود نے بتایا کہ ایک 47 سالہ شخص، جو کہ گاڑیوں کی ورکشاپ کا مالک تھا، اس حملہ میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ کراچی کے تھانہ پریڈی کے ایس ڈی پی او محمد صفدر نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ احمدی کمیونٹی کے ایک فرد کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا جب ہجوم نے اس کی شناخت احمدی کے طور پر کی۔ ان کے بقول، ہجوم نے مقتول شخص پر لاٹھیوں اور اینٹوں سے حملہ کیا۔