احمد بلعلہ کے خلاف ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

,

   

چادر گھاٹ پولیس میں ایف آئی آر درج ۔ بنگارو شروتی کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد 23 مئی ( سیاست نیوز ) : ملک پیٹ کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ بی جے پی ایس سی مورچہ کی سکریٹری بنگارو شروتی نے احمد بلعلہ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی تاہم پولیس کی جانب سے عدم کارروائی پر انہوں نے احتجاج بھی کیا تھا ۔ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن پہونچکر بنگارو شروتی نے اپنے حامیوں کے ہمراہ دھرنا دیا تھا اور بھوک ہڑتال بھی کی تھی ۔ اب چادر گھاٹ پولیس نے بالاخر مقدمہ درج کرلیا ہے پولیس کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق کرائم نمبر 142 2020 کے تحت چادر گھاٹ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 509 سیکشن 3(1) V(1) ایس سی ایس ٹی پی او اے ایکٹ کے تحت بلعلہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ 6 مئی کو عصمت ریزی کا شکار دلت لڑکی سے ملاقات کیلئے بنگارو شروتی کمل نگر پہونچی تھی ، جس پر اعتراض اور قابل اعتراض الفاظ کے استعمال سے شروتی کی مبینہ دل آزاری کی گئی ۔ بنگارو شروتی جو سابقہ بی جے پی قومی صدر بنگارو لکشمن کی دختر ہیں ۔ اس خاتون لیڈر نے چادر گھاٹ پولیس میں شکایت کی تھی اور کارروائی نہ ہونے پر اعتراض کیا تھا اور شدید برہمی کے عالم میں اس خاتون نے دھرنا دیا تھا ۔ پولیس نے اس خاتون لیڈر کی درخواست پر قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد احمد بلعلہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں ۔