منی لانڈرنگ کے الزامات، صحت بگڑنے پرہاسپٹل منتقل
بی جے پی حکومت کیخلاف آواز اٹھانے کی سزا‘کانگریس کاردعمل
احمد آباد۔16؍ مئی (ایجنسیز)گجرات کے معروف روزنامہ ’گجرات سماچار‘ کے مالک باہوبلی شاہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے فوراً بعد ان کی طبیعت خراب ہو گئی جس کے بعد انہیں احمد آباد کے وی ایس ہاسپٹل لے جایا گیا لیکن انہوں نے نجی ہاسپٹل میں علاج کروانے کی خواہش ظاہر کی جس پر بعد میں انہیں زائیڈس ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔باہوبلی شاہ اور ان کے بھائی شریانس شاہ ’گجرات سماچار پبلی کیشنز گروپ‘ کے مشترکہ مالک ہیں جس کا آغاز 1932 میں ہوا تھا۔ میڈیا کے علاوہ باہوبلی شاہ 15 سے زائد کاروباری اداروں سے بھی وابستہ ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 مئی کی صبح انکم ٹیکس کی ٹیم نے دونوں بھائیوں کے مختلف دفاتر اور رہائشی مقامات پر چھاپے مارے۔ بعد ازاں ای ڈی کی ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی اور مختلف مقامات پر تلاشی کے بعد باہوبلی شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے بعد سے اس کارروائی کو لے کر سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل دیکھی گئی ہے۔گجرات کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا رکن شکت سنگھ گوہل نے شاہ کی گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شاہ کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف آواز اٹھائی۔ ایکس پر اپنے بیان میں گوہل نے کہا کہ سچ کیلئے کھڑے ہونے کی سزا دینا بی جے پی کا مزاج بن چکا ہے۔ ’گجرات سماچار‘ نے حال ہی میں ہند۔پاکستان کشیدگی کے معاملے پر حکومت کو آئینہ دکھایا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ چند ہفتے قبل جب شاہ کے احاطوں پر چھاپے مارے گئے تھے تب ان کا خاندان والدہ اسمرتی بین کی وفات کے سوگ میں تھا۔ باہوبلی شاہ نہ صرف ایک بزرگ شہری ہیں بلکہ کئی سنگین طبی مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ گوہل نے اس گرفتاری کو میڈیا کی آزادی پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ تمام میڈیا ’گودی میڈیا‘ نہیں ہوتا جو حکومت کے کہنے پر چلے۔ اسی دوران ’گجرات سماچار‘ کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ (ایکس/ٹوئٹر) بھی بلاک کر دیا گیا۔ اس واقعے پر تاحال ریاستی حکومت یا ای ڈی کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ یہ گرفتاری ایسے وقت پر ہوئی ہے جب حکومت پر پہلے ہی میڈیا کی آزادی کو محدود کرنے کے الزامات لگ رہے ہیں اور اس سے ملک میں صحافت کی خودمختاری پر ایک بار پھر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔