اختراعیت کی طاقت سے ملک کیلئے حل تلاش کریں: کووند

   

گاندھی نگر 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے آج کہاکہ اختراعیت کی طاقت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش مشکلات کے حل ڈھونڈے جاسکیں۔ صدر کووند نے کہاکہ ہندوستان کو اختراعیت پر مبنی کلچر کو فروغ دیتے ہوئے اختراعی سماج بننے کی کوشش کرنی ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم کئی اہم ترقیاتی مقاصد کی تکمیل کی کوشش کرتے ہیں، اِس دوران ہمیں اختراعی سماج بنانے کی سعی کرنا چاہئے۔ وہ فیسٹیول آف انوویشن اینڈ انٹریپرینر شپ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور نیشنل انوویشن فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اِس تقریب کے دوران صدر کووند نے نیشنل گراس روٹ انوویشن ایوارڈس بھی پیش کئے۔ اُنھوں نے بنیادی سطح پر اختراعی سوچھ کے ساتھ کام کرتے ہوئے نت نئی چیزیں ایجاد کرنے والے انوویٹرس کی کوششوں کو سراہا۔