اخوان المسلمین کو دہشت گرد قرار دینے پر ٹرمپ کا غور

   

واشنگٹن ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سمجھا جاتا ہے کہ ’’اخوان المسلمین ‘‘کو امریکہ کی غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی ’’سیاہ فہرست‘‘ میں شامل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ وائٹ ہاؤز نے آج اس کا انکشاف کیا۔ اخوان ایک اسلامی تحریک ہے جس کو مشرق وسطیٰ میں اسلام پسند صدر مصر محمد مرسی کی 2013ء میں تائید حاصل تھی۔ اخوان المسلمین دہشت گردوں کی سیاہ فہرست میں شمولیت سے امریکی عہدیدار کسی بھی شخص یا کسی بھی تنظیم پر جس کے روابط اخوان المسلمین سے ہوں ، تحدیدات عائد کرنے کیلئے آزاد ہوں گے۔ تین ہفتے قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے صدر مصر عبدالفتاح السیسی کی میزبانی کی تھی۔ وائیٹ ہاؤز کے پریس سیکریٹری نے کہا کہ ان کی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا تھا۔ اس علاقہ میں ہمارے اندیشے مشترک ہیں اور ہم داخلی طور پر حکومت مصر کیساتھ تعاون کررہے ہیں۔ مصر ، امریکہ کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار ہے اور گزشتہ 40 سال سے اسرائیل کیساتھ اس کے پرامن تعلقات ہیں۔