بے لوث پیشکش سے پریشان حال احباب کے مسائل حل ہونے کی راہیں ہموار: حلیم بابر
محبوب نگر : حق بات و سچائی کا اظہار ایمان میں داخل ہے۔ دور حاضر میں ادارہ سیاست کی جانب سے قائم کردہ ملت فنڈ کے زیر اہتمام لگاتار شادیوں کو آسان بنانے کی خاطر دوبہ دو ملاقات پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس پر ملت اسلامیہ نازاں و مسرور ہے کہ آج کے نفسا نفسی کے دور میں اسلامی تعلیمات کے نقش قدم پر چلنا اور شادیوں کے معاملات میں اپنا بھرپور تعاون کرنا ایک اجر عظیم سے کم نہیں ۔ اس خصوص میں محبوب نگر کے دردمندان ملت ،شعراء کرام و محبان اردو ادارہ سیاست کے اس مستحسن اقدام کو بڑی قدر و منزلت سے دیکھتے ہیں اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کو مبارکباد دیتے ہیں کہ آج کے ماحول میں جہاں شادیوں کا طئے ہونا جوے شیر لانے سے کم نہیں ہے ان احباب کی دردمندی اسلام دوستی کے سبب اس مشکل کام کو آسان بنانے میں اپنی توانائیاں صرف کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ادارہ سیاست طلباء و طالبات کو روزگار فراہم کرنے سے متعلق تعلیمی شعبہ کے تحت مسلسل رہنمائی و تربیت کررہا ہے جس کی وجہ سے طلباء و طالبات میڈیسن و انجینئرنگ میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہورہے ہیں جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے ۔ عابد علی خان صاحب کا قائم کردہ ادارہ سیاست آج ملت اسلامیہ کے مسائل کو حل کرنے میں مصروف ہے۔ملت اسلامیہ ان کیلئے دعائے مغفرت کرتی ہے اور ان کے جانشین جس مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ان کو جزائے خیر طلب کرتی ہے۔ دعا ہے کہ ادارہ سیاست کے اقدامات دن دوگنی رات چوگنی ملت اسلامیہ کو فائدہ بخش رہے ہیں۔ ’’ درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو ‘‘