ادھو ٹھاکرے اقرباء پروری کی بدترین مثال کنگنا راناوت کا جوابی حملہ

   

ممبئی : وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت کے درمیان الفاظ کی آنکھ مچولی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ادھو ٹھاکرے پر تنقیدوں کے ٹوئٹس کرتے ہوئے کنگنا راناوت نے کہاکہ میں آپ کے (ادھو) بیٹے کی عمر کی ہوں۔ کیا آپ میرے ساتھ ایسا سلوک کرسکتے ہیں۔ کنگنا نے کہاکہ سنجے راوت نے پہلے اُنھیں حرام خور کہا اور بعدازاں آدتیہ ٹھاکرے نے اُنھیں نمک حرام کہا۔ ادھو ٹھاکرے نیکہا تھا کہ گانجہ مہاراشٹرا میں پیدا نہیں کیا جاتا بلکہ ہماچل پردیش میں پیدا کیا جاتا ہے۔ جن لوگوں کو اپنی ریاستوں میں کمانے کا موقع نہیں ملتا وہ ممبئی چلے آتے ہیں اور یہاں روٹی اور عزت ملنے کے بعد ممبئی کو ہی بُرا کہنے لگتے ہیں۔ کنگنا نے جوابی وار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایک کھاتے پیتے اور عزت دار گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ اپنے ماں باپ کی دولت پر عیش کرنا نہیں چاہتی تھیں بلکہ خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر کچھ کرنا چاہتی تھیں اور اسی لئے وہ ممبئی میں آئی۔ میں ادھو ٹھاکرے کی طرح سیاسی اقرباء پروری کی پیداوار نہیں ہوں۔ ادھو ٹھاکرے اپنے والد بال ٹھاکرے کے بل بوتے پر سیاست میں آئے ہیں جو اقرباء پروری کی بدترین مثال ہے۔