بی آر ایس اور بی جے پی پر سیاسی رنگ دینے کا الزام، اراضی پر کوئی تنازعہ نہیں
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کوکا پیٹ میں شاردا پیٹھم کا دورہ کیا اور اراضی کے حصول سے متعلق پائے جانے والی الجھن پر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں بعض غلط فہمیاں اور الجھن پائی جاتی ہے لہذا حکومت نے شارداپیٹھم کی اراضی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کی ملکیت پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ سریدھر بابو نے مندر کا دورہ کیا اور تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مندر کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ اراضی مکمل طور پر شارداپیٹھم کی ملکیت ہے اور حکومت کے علم میں تمام تفصیلات لائی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے شارداپیٹھم کو کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور شارداپیٹھم کے ترقیاتی اور روحانی سرگرمیوں میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے مسئلہ پر آئندہ کوئی الجھن پیدا نہ ہو اس کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے قائدین مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔1