اردو اکادمی دہلی،دہلی ای- لرننگ کورس جلد شروع کرے: منیش سسودیا

   

اردو اکادمی دہلی کی نو تشکیل شدہ گورننگ کونسل کی پہلی میٹنگ کا دہلی سیکریٹریٹ میں انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ اور اکادمی کے چیئرمین جناب منیش سسودیا نے اردو اکادمی کے سابقہ تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کی ستائش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آج سوشل میڈیا کا زمانہ ہے اس لیے بہت جلد اکادمی میں سوشل میڈیا کا شعبہ قائم کیا جائے جس کے تحت اکادمی کے تہذیبی و ثقافتی پروگراموں میں اہم شعراکے اشعار اور ادیبوں کے تعمیری و تحقیقی منتخب جملے سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس جیسے فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور ٹوئیٹر پر روزانہ اپلو ڈکیے جائیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تمام کام اکادمی کی خصوصی ویب سائٹ کے ذریعہ فروغ دیا جائے۔ جناب منیش سسودیا نے آگے کہا کہ اردو خواندگی مراکز اور اردو سرٹیفکیٹ کورسیز کو بھی ای لرننگ سے جوڑا جائے۔ہماری کوشش ہے کہ اردو اکادمی جس طرح سے ہندوستان کی دیگر اکادمیوں میں اپنا ایک ممتاز مقام رکھتی ہے اسی طرح سوشل میڈیا کے شعبے میں بھی اس کو وہی مقام ملے۔