اردو سیکھنے سرٹیفیکٹ کورس ، مرقع اقبال اور آصف سابع کے کارناموں کی اشاعت ، بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے عالمی اردوکانفرنس اور جشن اردو کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے اشتراک سے اردو سیکھنے کے لیے سرٹیفیکٹ کورس کے آغاز کی تجویز ہے ۔ اکیڈیمی کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ صدر اکیڈیمی رحیم الدین انصاری کے علاوہ پرنسپال سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس ، ڈپٹی سکریٹری فینانس نائیک اور سکریٹری ڈائرکٹر محمد غوث نے شرکت کی ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے بموجب بعض امور کو بورڈ آف ڈائرکٹر کو معرض التواء میں رکھا ۔ اسکیمات پر عمل آوری کو منظوری دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا آزاد قومی اردو یونیورسٹی کے اشتراک سے عالمی اردو کانفرنس اور اقامتی اسکول سوسائٹی کے تعاون سے جشن اردو کے انعقاد کی تجویز کو منظوری دی گئی ۔ اردو یونیورسٹی اور ٹمریز کی منظوری اور مشاورت کے ذریعہ تواریخ کا تعین کیا جائے گا ۔ اردو سکھانے کے لیے عثمانیہ یونیورسٹی سے 3 ماہ کے سرٹیفیکٹ کورس کے آغاز کی تجویز ہے ۔ یونیورسٹی کے بورڈ آف اسٹیڈیز میں منظوری کے بعد یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے ۔ اگر عثمانیہ یونیورسٹی سے ممکن نہ ہو تو حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی سے رجوع ہوں گے ۔ انڈر گریجویٹ طلباء کو اردو سیکھنے میں اس کورس سے مدد ملے گی ۔ اردو اکیڈیمی کے کارنامہ حیات ایوارڈس ٹیچرس اور اسٹوڈنٹس ایوارڈس کی اسکیم کو بورڈ نے منظوری دیدی ۔ اردو اکیڈیمی سے علامہ اقبال کے کلام پر مشتمل مرقع اقبال اور آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں کے تعلیمی اور فلاحی کارناموں پر مشتمل ضخیم کتاب شائع کی جائے گی ۔ اردو مینو اسکرپٹ کی اشاعت کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔۔