اردو سے نئی نسل کو جوڑنے سیاست کی مہم کامیاب

   

رومن انگلش میںپیر تا جمعرات ایک صفحہ کی اشاعت
نئی نسل کے تابناک مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ انہیں سماج میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے باخبر رکھا جائے تاکہ ان میں چیلنجس کا سامنا کرنے کا جذبہ پیدا ہو۔ ساتھ ہی ساتھ سماج سدھار کے سلسلہ میں احساس ذمہ داری کو بیدار کیا جائے ۔ روزنامہ سیاست نے صرف خبروں کی ترسیل کا فریضہ انجام نہیں دیا بلکہ ہر موڑ پر سماج بالخصوص ملت اسلامیہ کی رہنمائی کی ۔ سیاست نے نوجوان نسل کی تعلیمی ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انہیں اپنی زبان اور تہذیب سے جوڑنے کیلئے اہم پیشرفت کی ہے۔ نئی نسل کی اردو زبان و تہذیب سے بڑھتی دوری نے سماج اور بالخصوص خاندانوں میں نت نئے مسائل پیدا کئے ہیں۔ نوجوانوں کو سماج اور تہذیب سے ہم آہنگ کرتے ہوئے خاندانوں میں اخلاقیات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ تازہ ترین تبدیلیوں سے نئی نسل کو واقف کراتے ہوئے انہیں بہتر مستقبل کی رہنمائی کی جاسکتی ہے ۔ روزنامہ سیاست نے نئی جہت کے تحت یوم آزادی کے موقع پر رومن انگلش میں ایک صفحہ شائع کرنے کا آغاز کیا ہے ۔ سیاست کی اس تحریک کا قارئین کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ۔ ہر پیر تا جمعرات رومن انگلش میں مسلم سماج کی دلچسپی سے متعلق بین الاقوامی ، قومی اور مقامی خبروں کو مختصر انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ رومن انگلش میں ایک صفحہ کی اشاعت کا بنیادی مقصد اردو رسم الخط سے ناواقف نوجوان نسل کو ملک اور سماج کے حالات سے واقف کرانا ہے۔ سوشیل میڈیا کے اس دور میں نوجوان نسل گمراہ کن معلومات کا شکار ہورہی ہے ، لہذا روزنامہ سیاست نے سماج اور قوم کے حقیقی حالات اور مسائل کو نوجوانوں تک پہنچانے کیلئے رومن انگلش میں ایک صفحہ کی اشاعت کاآغاز کیا ہے ۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچوں کے لئے بھی خصوصی کالم شروع کئے گئے ہیں جس میں پیر تا جمعہ روز مرہ کے مسائل اور ان کا حل ، سماج میں خواتین اور بچوں کے مقام اور ان کے حقوق کے تحفظ کی رہنمائی کی جارہی ہے ۔ روزنامہ سیاست نے قارئین کے حوصلہ افزاء ردعمل کو دیکھتے ہوئے مذکورہ صفحات کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ (ادارہ)