ارون، ہینڈس کامب اور مارش آسٹریلیا ٹسٹ سے باہر

   

میلبورن۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز گنوانے کے بعد آسٹریلیا نے24 جنوری سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں آرون فنچ، پیٹر ہینڈس کامب، مشیل مارش اور شان مارش کو13 رکنی ٹیم سے باہرکر دیا ہے ۔آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان24 جنوری کو برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ وکٹوریہ کے 20 سالہ بیٹسمین ول پکووسکي کو بین الاقوامی ٹیم میں کرئیر کے آغاز کے لئے بلایا گیا ہے ، اکتوبر میں ویسٹرن آسٹریلیا کے خلاف انہوں نے243 رنز بنائے تھے ، چھ ہفتے بعد انہوں نے بیماری کی وجہ کرکٹ نہیں کھیلا تھا۔ میٹ رینشا اور جوبرنس کو بھی آسٹریلیائی ٹیم میں واپس طلب کیاگیا ہے ۔ رینشا نے آخری مرتبہ مارچ ۔ اپریل میں جوہانسبرگ میں اپنا11 واں ٹسٹ کھیلا تھا۔ انہیں کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں بال ٹیمپرنگ معاملے کے بعد آخری لمحوں میں بلایا گیا تھا۔ دوسرے کھلاڑی برنس بھی اچھی فارم میں کھیل رہے ہیں اور شی فیلڈ شیلڈ میں472 رنز کے ساتھ پانچویں سب سے زیادہ اسکورر ہیں ۔29 سالہ بیٹسمین کے نام 14 میچوں میں تین ٹسٹ سنچریاں ہیں اور رکی پونٹنگ کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ سبھی تین بیٹسمینس ٹسٹ میچ سے پہلے سری لنکا کے خلاف ہوبارٹ میں17 جنوری سے ہونے والے تین روزہ پریکٹس میچ میں گلابی گیند سے کھیلیں گے ۔ آسٹریلیا گھریلو میدان پر سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلے گا جس کا پہلا میچ ڈے نائیٹ ہوگا جبکہ دوسرا میچ یکم فروری کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ یادرہے کہ ہندوستان کے خلاف ناکامی کے بعد آسٹریلیا ئی ٹیم کا اعلان ہوا ہے ۔ ٹم پین(کپتان / وکٹ کیپر)، جوش ہیزل ووڈ (نائب کپتان)، جو برنس، پیٹ کمنس، مارکس ہیرس، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، مارنس لابسچانگے ، ناتھن لیون، ول پکووسکی، میٹ رین شا، مشیل اسٹارک، پیٹر سیڈل۔