ہندوستانی شہریوں کے اغواء کے الزامات مسترد،وزارت خارجہ کے ترجمان کا بیان
بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ ہندوستان کی ریاست اروناچل پردیش دراصل ہمارا علاقہ ہے ۔ ہندوستانی شہریوں کے اغواء کے تعلق سے مودی حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اروناچل پردیش کا جنوبی علاقہ چین کا ہے ۔ بیجنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاؤلیجیان نے زور دے کر کہا کہ چین نے کبھی بھی ہندوستان کی جانب سے دیئے گئے ریاست اروناچل پردیش کو تسلیم نہیں کیا ۔ یہ سرزمین چین کے جنوبی علاقہ تبت کا حصہ ہے۔ ہندوستان کا صوبہ نہیں۔ چین کا یہ دو ٹوک موقف اس وقت سامنے آیا جب چینی فوج پر 5 ہندوستانی شہریوں کے اغواء کے الزام سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا ۔ اس سوال پر چین کے ترجمان نے تردید کی اور کہا کہ اروناچل پردیش کا علاقہ دراصل چین کا حصہ ہے۔