نئی دہلی : مشہور مصنفہ ارندھتی رائے کے خلاف دہلی کے لیفٹننٹ گورنر کی منظوری کے بعد غیرقانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ یعنی یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے چارج شیٹ تیار کرلی۔ ان پر 2010 میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں اب پولیس اگلے ہفتے چارج شیٹ داخل کر سکتی ہے۔نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق اروندھتی رائے کے خلاف 21 اکتوبر 2010 کو کوپرنیکس روڈ پر واقع ایل ٹی جی آڈیٹوریم میں آزادی سے متعلق منعقدہ ایک کانفرنس میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔نئی دہلی کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت کے حکم کے بعد کشمیر کے ایک سماجی کارکن سشیل پنڈت کی شکایت پر تلک مارگ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ بعد میں کیس کو مزید تفتیش کے لیے دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے حوالے کر دیا گیا۔