اے آئی آئی ایم ایس کی طرف سے بلیٹن کی عدم اجرائی
نئی دہلی۔16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے جمعہ کے دن اے آئی آئی ایم ایس پہنچ کر ملک کے سابق وزیر مالیات ارون جیٹلی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ارون جیٹلی کو سخت نازک حالت میں 9 اگست کو دواخانے میں شریک کردیا گیا جہاں انہیں شدید دیکھ بھال (آئی سی یو) کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن اور مملکتی وزیر برائے صحت عامہ اشونی چوبے بھی موجود تھے۔ بعض ذرائع نے بتایا کہ (66) سالہ ارون جیٹلی کی حالت بہت خراب ہے اور ہمہ قسم کی بیماریوں کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی دیکھ بھال کررہی ہے۔ 9 اگست سے اے آئی آئی ایم ایس کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے جیٹلی کی صحت کے بارے میں کوئی خبرنامہ جاری نہںی کیا۔ گزشتہ ہفتہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی اے آئی آئی ایم ایس پہنچ کر ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ صحت کی خرابی کے سبب ا رون جیٹلی نے 2019ء کے لوگ سبھا انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ گزشتہ سال 14 موئی کو ان کی پیشاب کی نالی کا آپریشن عمل میں آیا تھا۔ شگر کی بیماری کے سبب ارون جیٹلی کا وزن کافی بڑھ گیا تھا۔ اسے متوازن کرنے کے لیے ستمبر 2014ء میں بھی ان کی سرجری کی گئی تھی۔