نئی دہلی ۔17 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سے ملحقہ ایک غیر منفعت بخش تنظیم جو ہندوستان کی قدیم زبان سنسکرت کو دوبارہ زندہ کرنے کا کام کررہی ہے ۔ اس نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے درخواست کی ہے کہ ارکان پارلیمان کو سنسکرت سیکھنے کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ یہ لوگ پارلیمان میں سنسکرت زبان بول سکیں ۔ سمسکریتا بھارتی تنظیم کے ملک گیر ناظم دنیش کانت نے کہا کہ ان کی تنظیم نے ماضی میں بھی ارکان پارلیمان کو اس کی تربیت مہیا کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ایک شاخ اقوام متحدہ میں بھی پائی جاتی ہے ۔ کامت نے بتایا کہ برلا نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ پر غور کریں گے ۔ اس تنظیم کی دہلی یونٹ کے انچارج کوشل کشور تیواری نے بتایا کہ ان کی تنظیم کا ایک وفد برلا سے ایک بار پھر ملنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔