لندن : امریکہ کی ناراضگی پر برطانوی اخبار دی گارڈین نے اسامہ بن لادن کے 21 سالہ پرانے خط کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا۔ اس میں لکھا ہے کہ امریکہ پر 9/11 کے حملے اسرائیل کی حمایت کرنے کی وجہ سے کیے گئے تھے۔برطانوی اخبار دی گارڈین نے اسامہ بن لادن کے 21 سالہ پرانے پیغام کو اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا لیکن اس سے قبل یہ سوشل میڈیا پر لاکھوں میں شیئر ہوچکا تھا۔ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کا “امریکہ کے نام خط” منگل کے روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر شیئر ہونا شروع ہوا، جس کے بعد حماس کے خلاف اسرائیل کی موجودہ جنگ کی امریکی حمایت پر زور دار بحث چھڑ گئی۔اسامہ بن لادن کو 22 سال قبل 11 ستمبر کو نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پنٹاگون کے دفتر پر ہونے والے حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ ان حملوں میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اسامہ بن لادن کے مذکورہ خط میں لکھا تھا کہ نائن الیون کے حملے امریکہ کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کی وجہ سے کیے گئے تھے۔وائٹ ہاوس نے اس خط کی اشاعت پر سخت نکتہ چینی کی جس کے بعد ٹک ٹاک نے بتایا ہے کہ وہ اس میں شامل پوسٹس کو ہٹانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔