اسرائیلی حملہ دوبارہ نہیں ہوگا ، ٹرمپ کا قطری وزیراعظم کو تیقن

   

نیو یارک، 12 ستمبر (یو این آئی) اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ڈوروتھی شیا نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے قطری وزیراعظم کویقین دلایا ہے کہ اسرائیلی حملے جیسا اقدام دوبارہ نہیں ہوگا۔ قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملوں کے معاملے پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بات کرتے ہوئے امریکی مندوب نے کہا کہ صدرٹرمپ نے امیر قطر اور قطری وزیراعظم کویقین دلایا ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہوگا۔ ڈوروتھی شیا نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ سے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان کویقین ہے کہ یہ امن کی جانب ایک موقع ہوسکتا ہے ۔ امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکہ یرغمالیوں کی رہائی، جنگ کے خاتمے اور انسانی امدادکی فراہمی کیلئے کام کرتا رہے گا۔ دوسری جانب برطانوی مندوب نے خطاب میں کہا کہ برطانیہ قطرکے ساتھ غیرمتزلزل حمایت کا اظہار اور دوحہ پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتا ہے ، یہ حملہ قطرکی علاقائی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر پر حملہ علاقائی کشیدگی میں اضافے اور جنگ بندی مذاکرات کیلئے خطرہ ہے ، قطر، امریکہ اور مصرکی غزہ جنگ بندی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ برطانوی مندوب کا کہنا تھا کہ حماس تمام یرغمالیوں کو رہا اورسیزفائرڈیل پر فوری دستخط کرے ، حماس غیرمسلح ہو، غزہ کے مستقبل میں حماس کوئی کردارادا نہیں کرسکتی جبکہ اسرائیلی حکومت کاغزہ میں توسیعی آپریشن کا فیصلہ بھی غلط ہے ، اسرائیل کو چاہیے کہ آپریشن پر فوری طور پر نظرثانی کرے ۔

برازیل کے سابق صدر کی سزا مایوس کن : ٹرمپ
برازیلیا، 12 ستمبر (یو این آئی) برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو 27 سال قید کی سزا پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے برازیل کے سابق صدر بولسونارو کی سزا کو مایوس کن قرار دے دیا۔ امریکی صدر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برازیلین سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر متوقع ہے ۔ برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر بولسونارو کو بغاوت کی سازش کا مجرم قرار دے کر 27 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی ہے ۔ پانچ رکنی بینچ میں 3 ججز نے سزا کے حق میں فیصلہ دیا۔ گھر میں نظر بند سابق صدر بولسونارو عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سابق صدر کے وکیل نے اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا کہ سماعت کیلئے 11 ججز پر مشتمل فل کورٹ تشکیل دیا جائے ۔