دمشق ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ’ریاستی دہشت گردی‘ کا مرتکب ہو رہا ہے۔ قبل ازیں ایسی خبریں منظر عام پر آئی تھیں کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ شامی حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اتوار کو رات گئے ہونے والے حملوں میں شامی صدر کے حامی چھ جنگجوؤں کے علاوہ چھ عام شہری اور تین بچے بھی ہلاک ہوئے تھے۔ ایک اسرائیلی ترجمان نے ان خبروں پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
