اسرائیلی حکام ابوعاقلہ کی موت کے ذمہ دار :محمودعباس

   

یروشلم : فلسطینی صدرمحمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام مقبوضہ مغربی کنارے میں جھڑپوں کے دوران میں الجزیرہ کی تجربہ کار صحافیہ شیرین ابوعاقلہ کے قتل کے ’’مکمل ذمہ دار‘‘ہیں۔انھوں نے اس واقعہ کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ محمودعباس نے فلسطینی نژاد امریکی رپورٹرشیرین ابوعاقلہ کے اعزاز میں جمعرات کو منعقدہ سرکاری یادگاری تقریب میں کہا کہ’’ہم نے اسرائیلی قابض حکام کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ انھوں نے یہ جرم کیا تھا اور ہمیں ان پرکوئی بھروسانہیں ہے‘‘۔انھوں نے مزید کہا کہ فلسطینی اتھارٹی مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رجوع کرے گی۔اسرائیل نے ابوعاقلہ کی موت پر افسوس کا اظہارکیا ہے اور کہا ہیکہ وہ ان کے قتل کا جائزہ لے رہا ہے اور یہ جان لیوا گولی کسی فلسطینی بندوق بردار نے چلائی ہوگی۔اس نے فلسطینیوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کی تجویز پیش کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ مقتولہ کو لگنے والی گولی جانچ کے لیے مہیّا کریں۔