اسرائیل دہشت گردی کیخلاف ہندوستان کی غیرمحدود مدد کیلئے تیار

   

دہشت گردی ہندوستان ، اسرائیل کاہی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ، قریبی دوست کی ہر زاویہ سے مدد کریں گے : اسرائیلی قاصد ڈاکٹر مالکا

تل ابیب ؍ نئی دہلی ۔19 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل نے ہندوستان کو اپنے دفاع خاص طورپر دہشت گردی سے محفوظ رہنے کیلئے غیرمشروط مدد کی پیشکش کی ہے اور دعویٰ کیا کہ اس کی اعانت کی کوئی حد نہیں ۔ یہ تیقن اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ حکومت سے دہشت گردانہ حملوں پر اسرائیلی نوعیت کی جوابی کارروائی پر غور کرنے کے مطالبات ہورہے ہیں۔ نومقررہ اسرائیلی قاصد ڈاکٹر ران مالکا نے یہ تبصرہ اُس سوال کے جواب میں کیا کہ کس حد تک یروشلم ہندوستان کی مدد کرے گا جو دہشت گردی کا شکار رہا ہے ۔ گزشتہ جمعرات کو جموںو کشمیر میں اپنی نوعیت کے مہلک ترین حملے میں پاکستان کی سرزمین سے کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم جئیش محمد نے 40 سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک کردیا جس کے بعد مطالبات میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے کہ حکومت کو اسرائیلی نوعیت کے مخالف دہشت گردی آپریشنس کے امکانات کو کھوجنا چاہئے ۔ اسرائیلی ملٹری اپنے ٹھیک ٹھیک اور تیز تر حملوں کیلئے جانی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر مالکا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہندوستان کو اپنے دفاع کیلئے جو کچھ بھی ضرورت پڑے اُس کیلئے اسرائیل کے پاس کوئی حد نہیں ہے ۔ ہم ہمارے قریبی دوست ہندوستان کی مدد کے لئے تیار ہیں تاکہ وہ بالخصوص دہشت گردی کے خلاف اپنا دفاع کرسکے کیونکہ دہشت گردی دنیا کا مسئلہ ہے ، صرف ہندوستان اور اسرائیل کا نہیں ۔ یہ زور دیتے ہوئے کہ دنیا کو دہشت گردی سے لڑتے ہوئے آپس میں اشتراک کے ذریعہ اس کا صفایا کرنا چاہئے ، اسرائیلی قاصد نے کہا کہ اسی لئے ہم ہندوستان کی مدد کرتے ہیں ، ہماری معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں ، ہماری ٹکنالوجی کا بھی تبادلہ کرتے ہیں کیونکہ ہم واقعہ ہمارے اہم دوست کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ 52 سالہ مالکا جن کا اسرائیلی ملٹری سرویس سے تعلق رہا ، جہاں وہ فُل کرنل کے رینک کے ساتھ ریٹائرڈ ہوئے ، اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے اُن سے کہاکہ ہندوستان نہایت اہم پارٹنر ، نہایت اہم دوست ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اشتراک کے ذریعہ باہمی روابط کو گہرا کیا جائے اور اُن کے ساتھ ہماری معلومات کا تبادلہ کرتے رہنا چاہئے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہندوستان کو مضبوط کرتے ہوئے اسرائیل عالمی استحکام اور پائیداری میں اپنا حصہ ادا کررہا ہے کیونکہ ہندوستان کا عالمی استحکام میں کافی اہم رول ہے ۔ ہم بس یہی کام کررہے ہیں کہ دنیا کو جینے کیلئے بہتر جگہ بنائیں۔