تہران :ایران اور عراق نے اسرائیل ۔فلسطین جنگ پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف بیشتر مسلم عالمی رہنماوں نے فریقین سے صبرو تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام اور حقوق پر غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کی مذمت کیے بغیر امن کی جانب پیش رفت ممکن نہیں ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے فلسطین اور اسرائیل میں بڑھتے ہوئے تشدد پر سخت تشویش ہے۔ مزید خونریزی او رانسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیاد ہ تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے۔ڈاکٹر علوی کے مطابق صورت حال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے کیونکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تشدد اور تصادم سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صدر پاکستان نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ فریقین کو لڑائی مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل اور اس کے حامیوں کو خطے میں عدم استحکام کے لیے ذمہ دار قرار دیا۔ایران کی سرکاری ٹیلی وڑن کے مطابق رئیسی کا کہنا ہے کہ ایران فلسطینی قوم کے جائز دفاع کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور اس کے حامی خطے کے ملکوں کی سلامتی کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں اس معاملے میں قصور وار ٹھہرایا جانا چاہئے۔