اسرائیل میں امریکیوں کی حفاظت کی کوئی گیارنٹی نہیں: سفارتخانہ

   

واشنگٹن ۔ 3 مارچ (ایجنسیز) امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں موجود امریکی شہریوں کے بحفاظت انخلاء کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ امریکی و اسرائیلی مشترکہ حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران کی جانب سے اسرائیل، خلیجی ممالک اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال شدت اختیار کرنے کے بعد یروشلم میں قائم امریکی سفارت خانے نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ آئندہ اطلاع تک اپنے گھروں یا محفوظ مقام پر رہیں۔ امریکی سفارت خانے نے آن لائن جاری کردہ سیکوریٹی الرٹ میں کہا ہے کہ اس وقت امریکی سفارت خانہ اسرائیل سے امریکی شہریوں کے انخلاء یا ان کی براہِ راست معاونت کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ سفارت خانے کے مطابق اسرائیلی وزارتِ سیاحت نے گزشتہ روز سے طبہ بارڈر کراسنگ تک شٹل سروس شروع کر دی ہے، جس کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔ سفارت خانے کے مطابق امریکی سفارت خانہ اسرائیلی وزارتِ سیاحت کی شٹل سروس کے حق یا مخالفت میں کوئی سفارش نہیں کر سکتا۔ اگر کوئی اس آپشن کے ذریعہ روانگی کا انتخاب کرتا ہے تو امریکی حکومت اس کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ معلومات ان افراد کیلئے بطور سہولت فراہم کی جا رہی ہیں جو اسرائیل چھوڑنا چاہتے ہیں۔